قومی و عالمی خبریں

افضال بھٹی کی حمزہ شہباز سے ملاقات، اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود پر بریفنگ

اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے منیجنگ ڈائریکٹر افضال بھٹی نے وزیراعظم آفس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی، جس میں سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل، ان کے حل اور او پی ایف کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران او پی ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر افضال بھٹی نے ادارے کے جاری اقدامات، فلاحی پروگرامز اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے حمزہ شہباز شریف کو تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں سمندر پار پاکستانیوں کو سہولیات کی فراہمی، فلاح و بہبود اور دیگر خدمات کے حوالے سے او پی ایف کے جاری پروگرامز اور منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں مزید بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سمندر پار پاکستانیوں کو ہمیشہ ملک کے سفیر سمجھتے ہیں اور حکومت ان کی فلاح و بہبود اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے پہلا فورم قائم کیا گیا، جس نے لاتعداد اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

حمزہ شہباز شریف نے او پی ایف کی ٹیم کو ہدایت کی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے۔

انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت اور فلاحی اقدامات کے حوالے سے او پی ایف کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف امور پر ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال، وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی، قانونی مشیر سید علی رضا شاہ اور کوآرڈینیٹر میڈیا عمران گورایہ بھی شریک تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button