ویزہ پروٹیکٹر مکمل ہونے والے اوورسیز پاکستانیوں کی ایئرپورٹس پر آف لوڈنگ نہیں ہوگی، ایم ڈی او پی ایف

اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد افضال بھٹی نے واضح کیا ہے کہ جن افراد کا ویزا پروٹیکٹر مکمل ہو چکا ہے، انہیں پاکستان کے کسی بھی ایئرپورٹ سے آف لوڈ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ او پی ایف سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ریاض میں ایک بڑی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد افضال بھٹی نے کہا کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور سہولت کاری پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ملک کا اہم اثاثہ ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی ہیں تاکہ قانونی مسائل کے فوری حل کو ممکن بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مڈل ایسٹ اور دیگر ممالک جانے والوں کے لیے اسکلڈ پروگرامز شروع کیے گئے ہیں تاکہ پاکستانی ورکرز بہتر روزگار کے مواقع حاصل کر سکیں۔
ایم ڈی او پی ایف کے مطابق اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن ہر سال تقریباً پانچ ہزار افراد کو تربیت دے کر ہنر مند بنانے میں فعال کردار ادا کر رہی ہے، جس سے بیرونِ ملک پاکستانی ورک فورس کے معیار میں بہتری آ رہی ہے۔
تقریب سے پاکستانی سفارتخانے کے ویلفیئر اتاشی نجم نواز ثاقب اور مسز جنت حسین نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانہ کمیونٹی اور پاکستانی ورکرز کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے اور کمیونٹی کے تعاون سے فلاحی سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا رہا ہے۔



