کشمیر کی بیٹی شفق بتول نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی بڑی اسکالرشپ حاصل کر لی

کشمیر کی بیٹی شفق بتول نے آکسفورڈ یونیورسٹی کی بڑی اسکالرشپ حاصل کر لی
صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر سمیت سیاسی و سماجی شخصیات کی مبارکباد
آزاد کشمیر کے ضلع باغ کے علاقے چناٹ بیس بگلہ سے تعلق رکھنے والی شفق بتول نے دنیا کی معتبر ترین آکسفورڈ یونیورسٹی کی Rhodes اسکالرشپ حاصل کر کے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ کشمیر اور پاکستان کا نام بھی روشن کر دیا۔ اس شاندار کامیابی پر کینیڈا کشمیر ایسوسی ایشن کے عہدے داران اور بڑی تعداد میں کشمیری اور پاکستانی کمیونیٹی کے ممبران نے شفق بتول کو انکے والدین کو مبارکباد پیش کی ہے۔
شفق بتول معروف قانون دان اور سابق محتصب اعلی سرادار مختار کی نواسی , پرنسپل گورنمنٹ بواہز سکول ملوٹ کے سردار اعجاز اور سردار حنیف کی بھتیجی اور سردار محمد سجاد کی صاحبزادی ہیں۔ ان کے والدین امیگریشن کے ذریعے کیلگری، کینیڈا منتقل ہوئے، جہاں انہوں نے اپنی اولاد کو بہتر مستقبل دینے کے لیے نئی زندگی کا آغاز کیا۔
صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فیصل ممتاز راتھور اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شفق بتول اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغامات میں انہوں نے اس کامیابی کو شاندار کارنامہ قرار دیتے ہوئے حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔
یونیورسٹی آف کیلگری کی چوتھے سال کی نفسیات کی طالبہ شفق بتول اس سال صرف 11 منتخب کینیڈین طلبہ میں شامل تھیں، جنہیں دنیا کی ممتاز Rhodes اسکالرشپ سے نوازا گیا۔ شفق نے اس کامیابی کو اپنے والدین کی قربانیوں، محنت اور مسلسل حوصلہ افزائی کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا سفر ’’احساس’’ اور انسانی خدمت کے اصول پر قائم ہے۔
شفق بتول نے خواتین کی صحت اور سماجی بہتری کے لیے خیریت ویمنز ہیلتھ ایکوئٹی نیٹ ورک کی بنیاد رکھی۔ میں ان کی کارکردگی کو قومی سطح پر ایوارڈز سے سراہا گیا ہے۔شفق بتول اب آکسفورڈ یونیورسٹی میں خواتین اور تولیدی صحت کے موضوع پر اعلیٰ سطح کی تحقیق کریں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ ایسا نظام تشکیل دینا چاہتی ہیں جہاں محروم طبقات کو صحت، تحقیق اور پالیسی سازی میں حقیقی اختیار حاصل ہو۔
شفق بتول کی کامیابی کو محنت، استقامت اور سماجی خدمت کا نمایاں نمونہ قرار دیا جا رہا ہے



