قومی و عالمی خبریںہجرت و روزگاریورپ

امریکا کی جانب سے سفری پابندیوں کی فہرست 30 سے زائد ممالک تک بڑھانے کی تیاری

اسلام آباد (ویب ڈیسک) امریکا نے سفری پابندیوں کی فہرست میں شامل ملکوں کی تعداد 19 سے بڑھا کر 30 سے زائد کرنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکرٹری کرسٹی نائم کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ مزید ممالک پر سفری پابندیاں عائد کرنے کے امکان کا جائزہ لے رہے ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ٹرمپ انتظامیہ نے قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے خدشات کی بنیاد پر 19 غیر یورپی ممالک سے آنے والے تارکینِ وطن کی امیگریشن درخواستوں کا سلسلہ مکمل طور پر روک دیا تھا۔ اس پابندی میں گرین کارڈ اور امریکی شہریت کی درخواستیں بھی شامل تھیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ان 19 ملکوں پر جون میں پہلے ہی جزوی سفری پابندیاں نافذ تھیں، تاہم حالیہ اقدامات کے تحت ان پابندیوں میں مزید سختی کر دی گئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد امریکا میں داخلے کے لئے سیکیورٹی پروٹوکول کو مزید مضبوط بنانا بتایا جا رہا ہے۔

ان ممالک میں افغانستان، برما، چاڈ، جمہوریہ کانگو، استوائی گنی، اریٹریا، ہیٹی، ایران، لیبیا، صومالیہ، سوڈان اور یمن شامل ہیں جن پر امریکا میں داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ان ممالک کے شہری اب کسی بھی صورت امریکا میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔

اسی طرح وہ ممالک جو جون میں جزوی سفری پابندیوں کی زد میں تھے، ان میں برونڈی، کیوبا، لاؤس، سیرالیون، ٹوگو، ترکمانستان اور وینیزویلا شامل ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید ممالک کو اس فہرست میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button