فرزند میرپور اعجاز رضا اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے ایڈوائزر مقرر

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) میرپور آزاد کشمیر کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت اعجاز رضا کو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے چیئرمین کا ایڈوائزر مقرر کر دیا گیا ہے۔ اعجاز رضا کی تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے انہیں ملاقات کے دوران حوالے کیا۔
اعجاز رضا نے چیئرمین او پی ایف سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات پر مفصل گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سہولیات میں بہتری لانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا نے اعجاز رضا کو ایڈوائزر کے طور پر تقرری کا نوٹیفکیشن دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی سماجی و انتظامی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے او پی ایف کے کام میں مزید بہتری لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی کی فلاح کے لیے مضبوط رابطہ کاری ضروری ہے۔
اعجاز رضا اس سے قبل میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل اور چیئرمین ریڈ کریسنٹ آزاد کشمیر کے عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کا وسیع تجربہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔



