Blogقومی و عالمی خبریںکمیونٹی

اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں اور اہلیہ/شوہر کے لیے او پی ایف کے وظائف کا اعلان

اسلام آباد (اصغر حیات) اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن (او پی ایف) نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے بچوں اور ان کے اہلیہ یا شوہروں کے لیے ایک نیا وظیفہ پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد پاکستان میں زیرِ تعلیم طلبہ کی مالی معاونت کرنا ہے۔ یہ پروگرام ملک بھر میں انٹرمیڈیٹ، گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح پر زیرِ تعلیم طلبہ پر لاگو ہوگا۔

او پی ایف کے مطابق وہ طلبہ اس اسکالرشپ کے اہل ہوں گے جنہوں نے کم از کم 60 فیصد نمبر یا 2.5 سی جی پی اے حاصل کیا ہو۔ درخواست دہندگان کے والدین یا شریکِ حیات کا او پی ایف میں رجسٹرڈ ہونا لازمی ہے، جبکہ خاندان کی ماہانہ آمدن دو لاکھ روپے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ فاؤنڈیشن نے واضح کیا ہے کہ جو طلبہ کسی دوسرے اسکالرشپ یا مالی امدادی پروگرام سے فائدہ اٹھا رہے ہوں، وہ اس پروگرام کے اہل نہیں ہوں گے۔

اس اسکالرشپ میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، انجینئرنگ، آرٹس، سائنسز اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز جیسے ایم ایس اور ایم فل سمیت متعدد شعبہ جات شامل ہیں۔ او پی ایف کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے خاندانوں پر مالی دباؤ کم کرنا اور ان کے زیرِ کفالت طلبہ کی تعلیم کے تسلسل کو یقینی بنانا ہے۔

او پی ایف نے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2025 مقرر کی ہے۔ طلبہ او پی ایف کی ویب سائٹ سے درخواست فارم ڈاؤن لوڈ کرکے اسے او پی ایف ہیڈ آفس اسلام آباد یا لاہور، ملتان، پشاور، کراچی، کوئٹہ اور میرپور میں قائم ریجنل دفاتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔

فاؤنڈیشن نے رہنمائی کے لیے خصوصی رابطہ نمبرز اور ای میل ایڈریس بھی فراہم کیا ہے، تاکہ درخواست دہندگان کو کسی بھی مرحلے میں مدد مل سکے۔ او پی ایف کے مطابق اس پروگرام کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے خاندانوں کا مالی بوجھ کم کرنا اور ان کے بچوں اور اہلیہ/شوہر کے لیے اعلیٰ تعلیمی مواقع کو فروغ دینا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button