Blogقومی و عالمی خبریںیورپ

راجہ نجابت حسین کی بیرسٹر عمران حسین سے ملاقات، برطانیہ میں مسئلہ کشمیر پر حکمتِ عملی پر مشاورت

برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کے مستقبل اور پارلیمانی سطح پر مؤثر حکمتِ عملی پر مشاورت کے لیے کشمیری قیادت اور برطانوی رکنِ پارلیمنٹ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات کا مقصد برطانیہ میں مسئلہ کشمیر پر آگاہی مہم کو مزید مضبوط بنانا اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کرنا تھا۔
جموں کشمیر تحریک حقِ خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین اور عالمی کشمیری رہنما راجہ نجابت حسین ستارۂ پاکستان نے آل پارٹیز پارلیمنٹری کشمیر گروپ کے چیئرمین اور بریڈفورڈ ایسٹ سے رکنِ پارلیمنٹ بیرسٹر عمران حسین ایم پی سے بریڈفورڈ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران برطانوی پارلیمنٹ اور برطانیہ کے مختلف شہروں میں مشترکہ سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
راجہ نجابت حسین نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ویسٹ منسٹر ہال میں منعقد ہونے والی کشمیر بحث پر بیرسٹر عمران حسین کو مبارکباد دی اور اسے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر دوبارہ اجاگر کرنے کی اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر کو بھیجے گئے اس مشترکہ خط کا بھی حوالہ دیا جس پر 50 سے زائد برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ کے دستخط موجود ہیں۔
اس موقع پر بیرسٹر عمران حسین ایم پی نے مسئلہ کشمیر کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہر فورم پر اس مسئلے کو اجاگر کرتے رہیں گے۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے مقامی ارکانِ پارلیمنٹ سے رابطہ مضبوط رکھیں۔
ملاقات کے دوران اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ جموں کشمیر تحریک حقِ خود ارادیت انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام آئندہ سال برطانیہ میں ہونے والی سرگرمیوں میں پارلیمانی تعاون جاری رکھا جائے گا، تاکہ مسئلہ کشمیر کو برطانوی ایوانوں اور عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھایا جاتا رہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button