غیرقانونی دستاویزات، ایئرپورٹس پر آف لوڈنگ کے اعداد و شمار سامنے آگئے

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز کا اجلاس آغا رفیع اللہ کی زیر صدارت ہوا، جس میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو ایئرپورٹس پر آف لوڈ کرنے کے معاملے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ رواں سال اب تک 51 ہزار افراد کو آف لوڈ کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے بھیک مانگنے پر 24 ہزار، دبئی نے 6 ہزار جبکہ آذربائیجان نے ڈھائی ہزار پاکستانیوں کو ڈی پورٹ کیا۔
ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق کئی افراد عمرہ ویزے کے نام پر یورپ جانے کی کوشش کرتے رہے، جن کے پاس یورپی ممالک کے سفری دستاویزات موجود تھے، جس پر انہیں شواہد کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ سخت اقدامات کے باعث پاکستان کا پاسپورٹ رینک 118 سے بہتر ہو کر 92 پر آ گیا ہے اور غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے ممالک کی ٹاپ فائیو فہرست سے پاکستان نکل چکا ہے۔



