Blog

اوورسیز ڈاکٹرز فورم کے وفد کی گورنر خیبرپختونخوا سے ملاقات، صحت کے شعبے میں تعاون پر گفتگو

برطانیہ میں مقیم ڈاکٹرز فورم کے نائب صدر ڈاکٹر واجد کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد میں صوبائی نائب صدر علمائے مشائخ ونگ مولانا عثمان علی شاہ، طارق خان اور اویس خان شامل تھے۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار، صوبے میں جاری اصلاحات اور صحت کے شعبے میں ممکنہ تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی، خصوصاً پروفیشنل کمیونٹی، ملک کا قابلِ فخر اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ افراد نہ صرف اپنی مہارت کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں بلکہ سرمایہ کاری، خدمات اور صلاحیتوں کے ذریعے ملکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر واجد نے خیبرپختونخوا کے صحت کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے، طبی تربیت کو فروغ دینے اور تحقیق کے لیے ڈاکٹرز فورم یوکے کی جانب سے تعاون کی پیشکش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی خاص طور پر صحت، تعلیم اور انسانی ترقی کے منصوبوں میں مؤثر کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

گورنر نے وفد کی تجاویز کو سراہا اور کہا کہ گورنر آفس اوورسیز کمیونٹی کے ساتھ مضبوط روابط اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے صوبے میں ترقیاتی اہداف حاصل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز مستقبل میں نوجوان ڈاکٹروں کے لیے رہنمائی، ایکسچینج پروگرامز اور تکنیکی معاونت کے اہم مواقع فراہم کر سکتے ہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹرز فورم جیسے ادارے نوجوان طبی پیشہ ور افراد کے لیے عالمی معیار کی تربیت اور تجربات کے حصول کا ذریعہ ثابت ہوں گے، جس سے صوبے کے صحت کے شعبے کو فائدہ پہنچے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button