Blogافریقہقومی و عالمی خبریں

فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام شہریار میمن سے عالمی مائننگ لیڈر کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (او پی این): وزیراعظم یوتھ پروگرام برائے اوورسیز افیئرز اور بزنس و ٹریڈ لِنکیجز کے چیئرمین کے فوکل پرسن محمد شہریار میمن نے گھانا کی عالمی شہرت یافتہ مائننگ لیڈر اور انگلووا مائننگ لمیٹڈ کی سربراہ محترمہ اینجیلا لسٹ اور ان کے اعلیٰ سطحی وفد کا وزیراعظم آفس میں استقبال کیا۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق محترمہ اینجیلا لسٹ افریقہ کی بااثر کاروباری شخصیات میں شمار ہوتی ہیں اور ان کا یہ دورہ پاکستان کے ساتھ معاشی تعاون کے نئے باب کی طرف اہم قدم ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ محترمہ اینجیلا لسٹ کا پانچ روزہ دورۂ پاکستان دو سالہ مسلسل رابطوں اور مذاکرات کا نتیجہ ہے، جس کا مقصد پاکستان میں اعلیٰ قدر کی سرمایہ کاری اور طویل المدتی اقتصادی تعاون کے مواقع کا جائزہ لینا ہے۔ اس دوران مختلف شعبوں، خصوصاً مائننگ اور معدنیات کے شعبے میں مشترکہ سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کی جائے گی۔

محمد شہریار میمن نے اپنے بیان میں کہا کہ بطور فوکل پرسن انہیں اس اعلیٰ سطحی ملاقات میں شرکت کا موقع ملا، جس میں رکنِ قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول بھی شریک تھیں۔ ملاقات میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری، مائننگ سیکٹر میں تعاون اور ایکسٹریکٹو انڈسٹری میں پاکستانی انسانی وسائل کی صلاحیتوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے سے دو طرفہ تعاون کے نئے راستے کھلنے کی توقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور مغربی افریقی ممالک کے درمیان مضبوط معاشی شراکت داری وقت کی ضرورت ہے، اور ایسے روابط نہ صرف اقتصادی ترقی میں معاون ہوں گے بلکہ روزگار کے مواقع میں بھی اضافہ کریں گے۔ شہریار میمن نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں باہمی تعاون کے مزید معاہدے سامنے آئیں گے جو دونوں خطوں کے درمیان تعلقات کو مستحکم کریں گے۔

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ محترمہ اینجیلا لسٹ افریقی مائننگ کمپنی نگووُ مائننگ لمیٹڈ کی سی ای او ہیں اور بین الاقوامی مائننگ انڈسٹری کی ایک نمایاں شخصیت ہیں۔ ان کا ادارہ گھانا، مالی، لائبیریا اور برکینا فاسو سمیت کئی ممالک میں مائننگ آپریشنز چلاتا ہے۔ انہیں 2025 کا گلوبل پاور فیمیل ایوارڈ بھی دیا جا چکا ہے۔ اینجیلا لسٹ کو مائننگ کے شعبے میں 25 سال کا وسیع تجربہ حاصل ہے، اور وہ خواتین کی مائننگ انڈسٹری میں شمولیت بڑھانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

 

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button