پاکستان اور افغان طالبان نے جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کر لیا

اسلام آباد:پاکستان اور افغان طالبان نے جنگ بندی میں توسیع پر اتفاق کر لیاہے جو کہ 48 گھنٹے مکمل ہونے پر آج ختم ہو رہی تھی ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان جنگ بندی مذاکرات کے مکمل ہونے تک رہے گی ، پاکستانی وفد پہلے ہی قطری دارالحکومت دوحہ پہنچ چکا ہے، افغان وفد ہفتے کے روز دوحہ پہنچنے کا امکان ہے۔
افغان طالبان کی جانب سے 11 اور 12 اکتوبر کی درمیانی شب پاک افغان سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کا پاک فوج کی جانب سے بھر پور اور شدید جواب دیا گیا جس میں 200 کے قریب افغان اہلکار اور فتنہ الخوارج کے دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ پاک فوج کی شدید جوابی کارروائی پر افغان طالبان اپنی چیک پوسٹیں اور ساتھیوں کی لاشیں بھی پیچھے چھوڑ کر فرار ہو گئے ۔
پاک فوج نے جوابی کارروائی کے دوران افغان طالبان کے ایک چلتے ہوئے ٹینک کو بھی نشانہ بنایا ۔ 15 اکتوبر کو افغان طالبان کی جانب سے سیز فائر کی درخواست کی گئی جسے پاکستان نے قبول کیا اور 48 گھنٹوں کیلئے سیز فائر موثر ہوا، جو کہ آج ختم ہو رہا تھا لیکن دونوں جانب سے ایک مرتبہ پھر سیز فائر میں توسیع کا فیصلہ کیا گیاہے ۔



