قومی و عالمی خبریںیورپ

برمنگھم کے لارڈ میئر سے سردار عمران عزیز خان کی ملاقات، تجارتی روابط کے فروغ پر گفتگو

برمنگھم: چیئرمین و بانی فاز انٹرپرائزز اور صدر بزنس فورم آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان سردار عمران عزیز خان نے لارڈ میئر آف برمنگھم کونسلر ذاکر چوہدری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

ملاقات کا مقصد برطانیہ، پاکستان اور آزاد کشمیر کے درمیان تجارتی، کاروباری اور معاشی روابط کو مزید فروغ دینا تھا۔

اس موقع پر تحریکِ کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی، پاکستان پریس کلب برطانیہ کے مرکزی نائب صدر و صحافی ایس ایم عرفان طاہر اور گلوسٹر سے تعلق رکھنے والی کاروباری و سماجی شخصیت مہران معروف بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ تجارت، درآمدات و برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے برمنگھم کی معاشی ترقی، تعمیراتی منصوبوں اور عالمی سطح پر شہر کی تجارتی اہمیت کا بھی جائزہ لیا۔

سردار عمران عزیز خان اور دیگر شرکاء نے برمنگھم اور برطانیہ کی سماجی و معاشی ترقی میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاک-کشمیر کمیونٹی برمنگھم کے مختلف شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

 

لارڈ میئر برمنگھم کونسلر ذاکر چوہدری نے وفد کی جانب سے پیش کی گئی تجارتی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ وہ تاجروں اور کاروباری برادری کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لیے اپنا بھرپور تعاون فراہم کریں گے۔

ملاقات کے اختتام پر برطانیہ، پاکستان اور آزاد کشمیر کے درمیان تجارتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور کاروباری برادری کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button