بارسلونا میں انڈس اسپتال کے لیے فنڈ ریزنگ تقریب، نعمان اعجاز کی شرکت

بارسلونا، اسپین: پاکستان میں مفت علاج فراہم کرنے والے بڑے طبی نیٹ ورکس میں شامل انڈس ہسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے لیے بارسلونا میں ایک پروقار فنڈ ریزنگ عشائیے کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا اہتمام فرینڈز آف انڈس ہسپتال، اسپین چیپٹر کی جانب سے کیا گیا۔ تقریب میں بارسلونا، ہاسپٹلیٹ، بادالونا اور گردونواح سے پاکستانی کمیونٹی کے افراد، کاروباری شخصیات، سماجی رہنماؤں اور فلاحی کارکنوں نے شرکت کی۔
پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم کے معروف اداکار نعمان اعجاز تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ شرکاء نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اپنے خطاب میں نعمان اعجاز نے کہا کہ انڈس اسپتال صرف ایک اسپتال نہیں بلکہ غریب اور مستحق افراد کے لیے امید کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے خود انڈس ہسپتال میں مریضوں کو مفت علاج کی سہولت حاصل کرتے دیکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان میں علاج کے منتظر مستحق افراد کو نہ بھولیں۔ انہوں نے بارسلونا کی پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے فلاحی سرگرمیوں میں شرکت کو سراہا۔
تقریب میں انڈس اسپتال کی نمائندگی ڈاکٹر ظفر زیدی نے کی۔ انہوں نے شرکاء کو انڈس اسپتال اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک کے مختلف منصوبوں اور طبی سہولیات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈاکٹر ظفر زیدی کے مطابق انڈس اسپتال اس وقت پاکستان کے 13 سے زائد شہروں میں 15 اسپتال، چار فزیکل ری ہیبلیٹیشن سینٹرز اور ملک بھر میں متعدد پرائمری کیئر کلینکس چلا رہا ہے، جہاں روزانہ ہزاروں مریضوں کو مفت علاج فراہم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انڈس اسپتال کے بجٹ کا بڑا حصہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے عطیات سے پورا ہوتا ہے۔
تقریب کی میزبانی اور نظامت اسپین کے معروف صحافی اور کمیونٹی رہنما حافظ احمد نے کی۔ انہوں نے انڈس اسپتال کی ٹیم اور پاکستانی کمیونٹی کے درمیان رابطے کا کردار ادا کیا اور شرکاء کو فلاحی مشن میں اپنا حصہ ڈالنے کی ترغیب دی۔
اس موقع پر شرکاء نے مختلف عطیات اور ماہانہ ڈونیشنز کا اعلان کیا۔ متعدد افراد نے اپنے خاندانوں کے نام پر اسپتال میں بیڈ اسپانسر کرنے کا بھی اعلان کیا۔
تقریب میں پاکستانی کاروباری برادری، پاکستان پریس کلب اسپین اور مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر منتظمین نے مہمان خصوصی نعمان اعجاز، ڈاکٹر ظفر زیدی، حافظ احمد اور دیگر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انڈس اسپتال کے فلاحی مشن کی کامیابی اور تسلسل کے لیے دعا بھی کی گئی۔



