غیر قانونی سفر روکنے کے لیے ائیر پورٹ امیگریشن نظام مزید سخت

ایف آئی اے حکام نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اووسیز کو بتایا کہ غیر قانونی سفر، جعلی دستاویزات اور ویزا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے امیگریشن نظام کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے کے مطابق آف لوڈ کیے گئے بیشتر مسافروں کے پاس کورس، یونیورسٹی یا ملازمت سے متعلق مکمل معلومات موجود نہیں تھیں، جبکہ کئی کیسز میں ایجنٹس کے ذریعے غلط ڈیٹا فراہم کیا گیا۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ رواں سال 226 مقدمات درج کیے گئے، گزشتہ تین ماہ میں 450 افراد ایران بارڈر کے ذریعے غیر قانونی سفر کی کوشش میں گرفتار ہوئے، جبکہ بنگلہ دیشی شہری بھی پاکستان کے سیاحتی ویزے پر یورپ جاتے ہوئے پکڑے گئے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے بتایا کہ بدعنوانی میں ملوث 180 ایف آئی اے اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کیا جا چکا ہے، جبکہ جعلی دستاویزات پر گزشتہ سال 287 اور اس سال 170 افراد کو ڈی پورٹ کیا گیا۔


